یمنی فوج کی صعدہ میں پیشقدمی جاری، جھڑپ میں 25 حوثی باغی ہلا ک

Oct 06, 2018

صنعاء + ابوظہبی (این این آئی)یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے ضلع باقم میں سرکاری فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں اور ان میں 25 حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے۔ فوج نے باقم میں چار مربع کلومیٹر میں واقع مزید علاقے آزاد کرا لیے۔ یمنی فوج کے ہاتھوں شکست کے بعد بہت سے حوثی جنگجو اپنے ہتھیار چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی فوج کے بریگیڈئیر جنرل یاسر الحارثی نے بتایا کہ یمنی فوج نے باقم اور بین الاقوامی بارڈر کراسنگ الآب کے درمیان شاہراہ کی جانب بھی پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔ فوج نے باقم میں حوثیوں کی بعض چوکیوں تک کمک پہنچانے کے راستے منقطع کردیے جس کی وجہ سے وہاں موجود باغی جنگجو محصور ہو کر رہ گئے۔ ادھر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفتھس نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ ماہ نومبر میں جنگ زدہ ملک کے تمام فریقوں کے درمیان بحران کے حل کے لیے بات چیت بحال ہوجائے گی۔انھوں نے برطانوی خبررساں ایجنسی سے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ یمن میں جاری انسانی بحران کو حل کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس ملک کی معیشت کو درپیش مسائل حل کیے جائیں۔ انھوں نے کہا اقوام متحدہ میں ہم ایک ماسٹر پلان کی ضرورت کے حوالے سے گفتگو کررہے ہیں۔عالمی بنک ، عالمی مالیاتی فنڈ، اقوام متحدہ کے تحت ایجنسیاں،خلیجی ممالک او ر یمنی حکومت سب مل بیٹھ کر فوری اقدامات پر بات چیت کرسکتے ہیں۔عالمی ایلچی کا کہنا تھاکہ سعودی عرب نے اسی ہفتے یمن کے مرکزی بنک کو 20 کروڑ ڈالرز امداد کی شکل میں دی۔

مزیدخبریں