یمن: الحدیدہ میں حوثیوں کی دراندازی کی کوشش یمنی فورسز کے ہاتھوں پسپا

صنعائ(صباح نیوز)یمن میں مشترکہ سرکاری فورسز نے الحدیدہ صوبے کے ضلع التحیتا کے جنوب میں واقع پہاڑی علاقوں میں حوثی ملیشیا کی دراندازی کی نئی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران ضلع کے ساحلی علاقے الفازہ کو شدید گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا۔زمینی عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ فورسز دراندازی کی کوشش کرنے والے حوثی عناصر کے ساتھ پوری طاقت کے ساتھ نمٹیں اور ان کو پسپا کر دیا۔ذرائع نے باور کرایا کہ مشترکہ فورسز اور حوثی ملیشیا کے عناصر کے درمیان مختلف نوعیت کے بھاری اور درمیانے ہتھیاروں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران باغیوں کو بھاری جانی اور مالینقصان اٹھانا پڑا جب کہ باقی ماندہ عناصر فرار ہو گئے۔ یہ بات المعالقہ بریگیڈز کے میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی۔حوثی ملیشیا نے التحیتا ضلع میں واقع سحلی علاقے الفازہ میں مشترکہ یمنی فورسز کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے اور ان پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا۔ ذرائع کے مطابق باغیوں نے توپ کے گولے اور B10گرینیڈز داغے اور اس کے علاوہ شدید فائرنگ بھی ہوئی۔اس سے قبل حوثی ملیشیا نے التحیتا شہر اور ضلع کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں یمنی فورسز کے ٹھکانوں کو توپوں اور بھاری ہتھیاروں کے ذریعے شدید انداز میں نشانہ بنایا۔

ای پیپر دی نیشن