مقبوضہ بیت المقدس (اے پی پی) اسرائیلی حکومت کے بلیو اینڈ وائٹ سیاسی الائنس کے سربراہ نے نیتن یاہو اور لیبرمین کے درمیان نشست ناکام ہونے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اتحاد نیتن یاہو سے وزارت عظمی کا منصب چھین لے گا۔النشرہ نیوز کے مطابق بلیو اینڈ وائٹ الائنس کے سربراہ بینی گانٹس نے کہا ہے کہ بہتر ہے اسرائیلیوں کا کوئی وزیراعظم ہی نہ ہو کہ جو ہمیشہ بدعنوانیوں میں مصروف رہے۔گانٹس نے نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا منصب بچانے کی کوشش نہ کرو ، اسے تم سے چھین لوں گا۔ ادھر اسرائیل کے رکن پارلیمان اور ڈیموکریٹک کیمپ بلاک کے اسرائیلی رہنما یائر گولن نے اسرائیلی انتہاء پسندوں کو کو نازیوں کے مشابہ قرار دیا ہے۔انہوں نے ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ میں نازیوں کو یاد دلاتا ہوں کہ وہ بھی جمہوری طریقے سے اقتدار میں آئے تھے۔اسرائیلی رکن پارلیمان کا کہنا تھا کہ میں نے یہودی انتہاء پسندوں کے مکروہ اقدامات اور نازیوں کے طرز عمل میں گہری مماثلت دیکھی جو عام طور پر یوروپ میں اور خاص طور پر جرمنی میں 70 سال پہلے دیکھنے میں آئی تھی۔