کراچی (نوائے وقت نیوز)تحریک انصاف کے ایم این اے اورقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسسنگ وتعمیرات کے چیئرمین نجیب ہارون نے کہاہے کہ آہستہ آہستہ بہتری کی طرف جارہے ہیںہم سب کو ملکر احتسابی عمل کو سپورٹ کرنا چاہیے ،ہرمشکل کے بعد اچھاوقت ضرور آتاہے ،ہمیں یہ ملک کن حالات میں ملا یہ سب جانتے ہیں ،عمران خان مسائل کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے لیے کچھ وقت ضرور درکار ہے مگر قوم امید رکھے بہت جلد ملک کے حالات بہتر ہونگے ہم نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا کہ عام آدمی کے حالات بہتر ہونگے وہ وعدہ بہت جلد پورا ہوگا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈسٹرکٹ سنٹرل کراچی کے مرکزی آفس میں علاقہ معززین اور کارکنوں سے ہونے والی ملاقات میں کیا ۔ایم این اے نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے اداروں کو مظبوط بنانا ہمارامشن ہے ،وزیراعظم ملک میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں اورہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت معیشت کی بہتری کے لیے دن رات اپنی کوششوں میں مصروف ہے ،کچھ لوگوں عوام اور حکومت کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کررہی ہے لیکن عوام باشعور اور یہ جانتی ہے کہ عمران خان کو پہلی بار اس ملک میں موقع ملاہے کہ وہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کرداراداکرسکے جبکہ عوام یہ بات بھی اچھی طرح جانتی ہے کہ اقتدار میں باریاں لینے والوں نے ملک کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔نجیب ہارون کا کہناتھا کہ قوموں کو اچھے اور برے وقت دیکھنے کو ملتے رہتے ہیں مگر پاکستان میں خوشحالی کادور جلد شروع ہونے والاہے،انہوںنے مزید کہاکہ جس جس نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا اسے معافی دینا ملک اورقوم دونوں کے ساتھ غداری ہوگی۔