اسلام آباد میں تاجر کنونشن‘ قافلے آج جنوبی پنجاب سے روانہ ہونگے

Oct 06, 2019

لاہور +ملتان(نیوز رپورٹر+کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اپنے جائز مطالبات کیلئے خیبر سے کراچی تک تمام تاجر تنظیمیں متحد ہیں کل7اکتوبر کوتاجر بچائو مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔ ہم حکومت سے ہرگز ٹکرائو کرًنے نہیں جارہے ، حکومت کو اپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں کیا جس میں کل (پیر) کے روز تاجر بچائو مارچ میں تاجروں کی شرکت کو یقینی بنانے اور انتظامات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں محبوب سرکی ، میاں طارق فیروز ،ظہیر اے بابر ، محمد شہزاد بھٹی سمیت مختلف مارکیٹوں کے تاجر نمائندوں نے شرکت کی۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت تاجروں پر اتنا بوجھ لاد رہی ہے کہ ان کیلئے اسے اٹھا کر چلنا مشکل ہو گیا ہے اور وہ کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ تاجرمہنگے یوٹیلٹی بلزکے ساتھ ٹیکسوں کی ادائیگی کرتے ہیں۔ معیشت میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے ہیں۔ آج تاجروں پرٹیکسوں کی یلغار کر دی گئی ہے ،خوف اور عوام کی قوت خرید ختم ہونے کی وجہ سے مارکیٹوں میں کاروبار تاریخ کی کم ترین سطح 30فیصد پر آ گیا ہے۔ حکومت بڑے دل کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کرے ۔مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے قافلے اسلام آباد میں تاجروں کے ملک گیر تاجر کنونشن و پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے معیشت بچاؤ تحریک کے سلسلے میں آج 6اکتوبر کو ملتان سمیت جنو بی پنجاب سے روانہ ہو ں گے ملک گیر تاجر کنونشن میں شرکت کے لئے حتمی شکل دے دی گئی ہے تاجر وں کے قافلوں کی قیادت مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، ضلع ملتان کے صدر سید جعفر علی شاہ ملتان کے صدر خالد محمود قریشی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ذیشان صدیقی ضلع کے جنرل سیکرٹری اشفاق انصاری ملتان کے جنرل سیکرٹری مراز نعیم بیگ کریں گے تاجروں کے قافلے کل 7اکتوبر کو ملک گیر کنونشن و پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ہونے والے احتجاجی دھرنے میں شرکت کریں گے اس سلسلے میں چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے منعقدہ اجلاس میں مزید کہا ہے کہ چھوٹے تاجروں پر عائد ظالمانہ ٹیکس کا نفاذ آئی ایم ایف اورورلڈ بنک کے ایمائ￿ پر نافذ کیاجارہا ہے جو درحقیقت چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے ساتھ سراسر ناانصافی وزیادتی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کسی صورت چھوٹے تاجروں، دکانداروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر مبشر زیدی جان بوجھ کر تاجروں اور حکومت کے درمیان حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے حکومت کو چاہیئے کہ وہ تاجروں کی مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے نمائندوں سے مزاکرات کرے اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کو یقینی بنائے بصورت دیگر اسلام آباد میں تاجروں کے ملک گیرتاجر کنونشن میں جو فیصلہ ہو گا اس پر مکمل طور پر عملدر آمد کیاجائے گا اگر ہمیں ملک بھر میں شٹر ڈاؤن بھی کرنا پڑا تو تاجر برادری ملک گیر شٹر ڈاؤن پر مجبور ہو جائے گی۔

مزیدخبریں