لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان سری لنکا ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ کے دوران لاہور پولیس کی جانب سے کرکٹ ٹیموں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔کرکٹ ٹیموں کو قیام گاہ سے لے کر قذافی سٹیڈیم تک سخت سکیورٹی حصار میں سٹیڈیم پہنچایا گیا۔ ٹیموں کے قیام گاہ سے سٹیڈیم تک آنے والے روٹس کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات رہے ۔میچ کے دوران ڈولفن سکواڈ اور پیرو ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کرتی رہیں۔میچز اور ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ میچ کی سکیورٹی پر 3ایس ایس پیز، 13ایس پیز،42ڈی ایس پیز، 131انسپکٹرزاور 718اَپر سب آرڈینیٹس سمیت مجموعی طور پر 13ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی 67 مشترکہ ٹیمیں پٹرولنگ کر رہی ہیں۔ شائقین کرکٹ کو تین درجاتی سکیورٹی حصار سے گذرنے کے بعد ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ شائقین کرکٹ کے لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہونے کیلئے لاہور پولیس سے تعاون کریں۔