لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)سری لنکا کے خلاف پلے ٹی20 میچ میں محمد حسنین نے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کر لیا۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں فاسٹ باؤلر نے میچ کے 16ویں اور اپنے تیسرے اوور کی آخری گیند پر بنوکا راجا پکسے کو آؤٹ کر کے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔حسنین نے اپنے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر 17 رنز بنانیوالے سری لنکن کپتان داسن شناکا اور شیہان جے سوریا کو آؤٹ کر کے اپنے کیریئر کی پہلی انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ انجام دیدیا۔ہیٹ ٹرک کی بدولت محمد حسنین نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور ٹی20 انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک کرنیوالے سب سے کم عمر باؤلر بن گئے۔ٹی20 کرکٹ میں اب تک 9 ہیٹ ٹرک کی جا چکی ہیں جہاں پہلی ہیٹ ٹرک آسٹریلین فاسٹ باؤلر بریٹ لی نے کی تھی۔ٹی20 میں سری لنکا کے لاستھ مالنگا واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک کیں جبکہ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف کے بعد حسنین ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے پاکستانی باؤلر ہیں۔محمد حسنین نے 19 سال اور 183دن کی عمر میں ہیٹ ٹرک کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر سب سے کم عمر میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز بھی پاکستان کے عاقب جاوید کے پاس ہے جنہوں نے 1991 میں شارجہ کے مقام پر بھارت کیخلاف ون ڈے میچ میں 19سال 81دن کی عمر میں ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی اور 28سال گزرنے کے باوجود ان کا یہ ریکارڈ اب تک قائم ہے۔اب ٹی20 کرکٹ میں سری لنکا کی جانب سے لاستھ ملنگا اور تھسارا پریرا سمیت سب سے زیادہ تین ہیٹ ٹرک کی گئیں جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی جانب سے دو، دو اور آسٹریلیا اور افغانستان کی جانب سے ایک، ایک ہیٹ ٹرک کی گئی ہے۔