لاہور(نمائندہ خصوصی)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے پاکستان سری لنکا ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ کے موقع پر ٹیموں کے قیام گاہ اور روٹ سمیت قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے قذافی سٹیڈیم کے تمام اِنٹری گیٹس پر شائقین کے سٹیڈیم میں داخلے اور تلاشی کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو الرٹ ہوکر ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی اورمستعدی سے ڈیوٹی دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور شاباش بھی دی۔انہوںنے پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کے افسران سے بھی ملاقات کی اور میچ کے پر امن انعقاد کے لئے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے دوسرے اداروں کے ساتھ ساتھ لاہور پولیس بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔