شیخ رشید نے شجاعت کی عیادت کی، عثمان بزدار کا ساتھ دیا، آئندہ بھی دیں گے: پرویزالٰہی

Oct 06, 2019

لاہور(نیوز رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پہلے بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ساتھ دیا ہے آج بھی ان کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ان کا ساتھ دیتے رہیں گے جبکہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے مارچ سے فائدہ اٹھا کر بھارت چھیڑ چھاڑ کر سکتا ہے، ایسی صورتحال میں ذمہ دار مولانا فضل الرحمٰن ہوں گے۔ قبل ازیں شیخ رشید نے صدر پاکستان مسلم لیگ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سیاسی صورتحال اور مولانا فضل الرحمٰن کے اکتوبر مارچ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ، چودھری صباحت الٰہی، چودھری شافع حسین، رانا خالد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین کی صحت ماشاء اللہ پہلے سے بہت بہتر ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ہمارا گھر شیخ رشید کا اپنا گھر ہے۔ انہوں نے شیخ رشید کی سیاسی بصیرت کی تعریف کرتے ہوئے یو ڈی ایف اور 1977ء کی تحریک کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ہم ان کی فہم و دانش کے قائل ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین میرے بھائیوں کی طرح ہیں ان کی والدہ کو میں ماں جی کہتا تھا، اسی طرح چودھری پرویزالٰہی بھی میرے بھائی ہیں اور اچھے برے وقت میں چودھری صاحبان نے ہمیشہ میرا خیال رکھا۔

مزیدخبریں