واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے حوالہ سے ڈیموکریٹس کی کمیٹی نے وائٹ ہائوس کو دستاویزات جمع کروانے کے لئے 18اکتوبر کی ڈیڈلائن دے دی۔ڈیموکریٹس نے نائب صدر مائیک پنس سے بھی یوکرائن اسکینڈل پر دستاویزات طلب کر لی ہیں۔ جبکہ امریکی صدر نے اعتراف کیا ہے کہ ایوان نمائندگان ان کا مواخذہ کر سکتی ہے تاہم سینیٹ میں تحریک ناکام بنادی جائے گی۔ڈیموکریٹس کی کمیٹی کے سربراہ نے وائٹ ہائوس کے قائمقام چیف آف اسٹاف کو خط لکھ دیا ہے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر الزامات سے جڑی تمام دستاویزات طلب کر لی ہیں۔ڈونلڈٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے سیاسی حریف کے خلاف معلومات کے لئے یوکرائن پر دبائوڈالا۔ وائٹ ہائوس ڈیموکریٹس کو جواب دینے سے تاحال گریز کر رہا ہے۔چیئرمین ڈیموکریٹس کمیٹی کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ، تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں اور معاملات کی پردہ پوشی کر رہے ہیں۔ امریکا کے یوکرین کے لیے سابقسفیر کرٹ وولکر کانگریس کے سامنے پیش ہوئے ہیں اور انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یوکرین کے صدر پر مبینہ دباؤ سے متعلق اپنے اور دوسرے حکام کے درمیان پیغامات کانگریس میں جمع کرائے ۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرٹ وولکر نے ایوانِ نمائندگان کے بند کمرہ اجلاس میں حلفیہ بیان دیا۔
ٹرمپ کا مواخذہ: وائٹ ہائوس 18 اکتوبر تک دستاویزات جمع کرائے: ڈیموکریٹس کمیٹی
Oct 06, 2019