ویڈیو سکینڈل: عدالت ارشد ملک کے بیان پر ہمارا موقف بھی سنے: نوازشریف کی درخواست

Oct 06, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نواز شریف نے جج ارشد ملک ویڈیو کیس پر اپنا موقف دینے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے جبکہ ناصر بٹ نے بھی ارشد ملک کی ویڈیو ریکارڈ پر لانے کی استدعا کر دی۔ نواز شریف نے متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ارشد ملک کیس میں صرف ایک فریق کو سن کر سابق جج کا بیان حلفی اور پریس ریلیز کو اپیل کا حصہ بنا دیا گیا، عدالت ارشد ملک کے بیان پر ہمارا موقف بھی سنے۔ کیس کے مفرور ملزم ناصر بٹ نے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی اور کہا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو کی فرانزک رپورٹ اور ٹرانسکرپٹ کو بھی نواز شریف کی اپیل کا حصہ بنایا جائے۔ جسٹس عامر فارو ق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ کل العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل کی باقاعدہ سماعت کا آغاز کرے گا۔

مزیدخبریں