اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گذشتہ روز ٹیچرز ڈے پر اپنی انگلش ٹیچر جو صدر کو ساتویں جماعت میں انگریزی پڑھاتی تھیں، سے ملاقات کی۔ اپنی انگلش ٹیچر در شمیم مشرف سے ملاقات میں صدر علوی نے اپنی ٹیچر کی تعلیمی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی درازی عمر اور صحت کیلئے دعا کی۔ اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے پیغام میں کہا کہ اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر میں ان تمام عظیم ہستیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو قوم کے شاندار مستقبل کے معمار کہلاتے ہیں میں آج کے دن میں اس مقدس پیشے سے وابستہ تمام افراد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو علم کی شمع جلا نے اور نوجوان نسل کے اعلی کردار کی تشکیل کے لیے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر میں اپنے تمام اساتذہ کو بھی خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اساتذہ قوم کے محسن ہیں جو کامیابی و کامرانی کے حصول میں سیڑھی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ پیغمبری پیشے سے وابستہ ہونا بذات خود ایک بڑا اعزاز ہے۔ اساتذہ کی قدرومنزلت کو یقینی بنانا نیا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔