رحیم یارخان(کرائم رپورٹر)وکلاء کے ساتھ پولیس کے ناروا سلوک اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں بڑھتی ہوئی کرپشن کے خلاف وکلاء کا مسلسل ساتویں روز بھی عدالتی بائیکاٹ جاری رہا عدالتی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے سینکڑوں درخواست ضمانتیںبھی التوا ء کا شکار ہوگئی ہیں وکلاء کی مسلسل ہڑتالوں کے باعث پریشانی کا شکار ہونے والے سائلین نے اعلیٰ عدلیہ سے وکلاء کی جانب سے کی جانے والی مسلسل ہڑتالوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ وکلاء کی جانب سے مسلسل مطالبہ ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو فوری طور پر تبدیل جبکہ ایس ایچ او تھانہ صدر رمضان جانی کو بھی معطل کرکے اس کے خلاف مقدمہ کا اندراج کیا جائے۔دریں اثناء ضلع بھر میں جوڈیشل افسران کی چار ، چار سال سے تعیناتی سیاسی روابط عدالتیں کرپشن کا گڑھ بن چکیں ہیں ججز وکلاء کی ہڑتال سے خوفزدہ ہوکر ریٹائرنگ روم کے ذریعے وکلاء کو تقسیم کرنے کی سازش میں مصر وف ہیں مفادات سے بالا تر ہوکر حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں وکلاء نے کبھی بھی کسی فرعون کے سامنے سر نہیں جھکایا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو فوری طو ر پر تبدیل کیا جائے ان خیالات کا اظہار صدر ڈسٹرکٹ بار حسان مصطفی نے تحصیل صدر بار لیاقت پور سید زاہد حسین، تحصیل صدر بار خان پور افضل صادق اور تحصیل صدر بار صادق آباد کے ہمراہ اپنے چیمبر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پریس کانفرنس میں شریک تحصیل صدوروں زاہد حسین ، افضل صادق نے کہا کہ 7روز سے وکلاء ہڑتال پر ہیں جس کے باعث سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔فل الفور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور کرپشن میں ملوث ججز کو تبدیل کیا جائے ورنہ ہڑتال جاری رکھی جائے گی اس موقع پر جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار عمران اشرف نے کہا کہ ریڈر رحیم یارخان میں ہی بھرتی ہوکر یہاں پر ہی ریٹائرڈ ہوگا تو کرپشن ہوگی اب خاموش نہیں رہیں گے جب تک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو تبدیل نہیں کیا جاتا وکلاء ہڑتال پر رہیں گے۔
وکلاء کی ساتویں روز بھی ہڑتال، جج کے تبادلے تک احتجاج جاری رہیگا، صدر باررحیم یارخان
Oct 06, 2019