لاہور(سٹاف رپورٹر)محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ فرائض انجام دینے والے ملازمین ادارے کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت ہی شعبہ طب کی پہچان ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں ہر ماہ اعلی کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹاف ممبر کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا تاکہ فرض شناس اور جاں فشانی کے ساتھ کام کرنے والوں کی خدمات کا اعتراف ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار پی آئی این ایس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے ادارے کے بھرتی 848ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز، نرسز، فارماسسٹ، پیرا میڈیکس و دیگر ملازمین بڑی تعداد میں موجود تھے۔پروفیسر خالد محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیورو انسٹی ٹیوٹ میں 850خاندانوں کی کفالت ہو رہی ہے اور یہ ادارہ اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ یہاں پنجاب ہی نہیں ملک بھر سے دماغی امراض سے متعلق بہترین علاج معالجے کی سہولتیں بہم پہنچائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر پنجاب کے طبی ادارے دیگر صوبوں سے کہیں بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ کر رہے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی پی آئی این ایس اپنا معیار برقرار رکھے گا اور ان ملازمین کی تعیناتی کے بعد کارکردگی میں مزید نکھار آئے گا۔انہوں نے ان تمام ملازمین کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اْن کیلئے کامیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر ملازمین نے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون اور محنت و لگن سے کام کرنے کا یقین دلایا۔