آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وزیراعظم نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی مظالم سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔مسعود خان اور راجہ فاروق حیدر نے اتوار کے روز مظفر آباد میں امریکی سینیٹروں کرس وین ہولن میگی حسن اور ناظم الامور پال جونز پر مشتمل امریکی کانگریس کے اعلی سطح کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی انتظامیہ کو بھارت پر تنازع جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے دبائو ڈالنا چاہئے۔انہوں نے دونوں سینٹروں کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور جموں و کشمیر کے عوام کے منصفانہ نصب العین کیلئے انکی حمایت پر انہیں سراہا۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی حکومت کے وژن اور ترجیحات کا بھی تبادلہ کیا جس میں نظم و نسق قانون کی بالادستی اور ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔آزاد کشمیر کی قیادت نے امید ظاہر کی کہ امریکی وفد کے دورے سے انہیں مقبوضہ کشمیر کے بارے میں براہ راست معلومات اور وہاں جاری انسانی بحران کی نوعیت کا اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی غیر جانبدار مبصرین کو مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی سے بھارت کا سب ٹھیک ہے کا پروپیگنڈہ بے نقاب ہو گیا ہے۔امریکی سینٹروں نے کہا کہ انہوں نے انسانی حقوق سے متعلق تحفظات کا تبادلہ کیا ہے اور وہ بھارت پر زور دینگے کہ وہ ابتدائی اقدام کے طور پر مقبوضہ وادی سے کرفیو ہٹانے اور تمام قیدیوں کو رہا کرے۔ انہوں نے مسئلے کے حل کیلئے اور رابطہ برقرار رکھنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔دورے کا مقصد مقبوضہ جموں کشمیر میں پانچ اگست کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ وادی کی زمینی صورتحال اور عوام کے جذبات کا جائزہ لینا ہے۔
امریکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی مظالم سے بچانے کیلئے کردار ادا کرے:صدر،وزیراعظم آزاد کشمیر
Oct 06, 2019 | 19:52