کراچی( نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جمعیت ملک کا مستقبل اور امت کے امیدوں کی کرن ہے، نوجوانوں کے تعمیر سیرت وکردار اور مقصد زندگی کا حقیقی تصور دینے کیلئے جمعیت کا کردار قابل تحسین ہے، جمعیت نوجوانوں کو متحد، ملک وقوم اور اسلام کی خدمت کرنے کیلئے آگے بڑھنے کا جذبہ بیدارکرے کیونکہ دنیا وآخرت کی کامیابی کے ساتھ ملک کا مستقبل وخوشحالی بھی اسلام سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کی پانچ روزہ تدریس القرآن کیمپ برائے منتخب رفقاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمعیت سندھ کے ناظم اسدعلی قریشی،جنرل سیکرٹری فیضان احمد بھی ساتھ موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ قرآن اللہ کا کلام اور درس انقلاب ہے جن قوموں نے اس کو اپنا امام بناکر زندگی کا دستورعمل بنایا وہ دنیا کے فاتح بن گئے جنہوں نے اسکی دعوت وپیغام سے منہ موڑلیا ذلت وخواری ان کا مقدر بنی، امت کو اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے ماضی کی طرف پلٹنا اور زندگی کے ہر دائرے میں قرآن کے احکامات کو نافذ کرنا ہوگا۔صوبائی امیر نے جمعیت کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود بھی اپنے دلوں کو اورمعاشرے کو بھی قرآن کی دعوت وپیغام سے منور کرنے کے لیے اپنا کردار اداکریں۔
جمعیت ملک کا مستقبل اورامیدوں کی کرن ہے: محنتی
Oct 06, 2020