شہباز شریف کے دور میں ریسکیو ادارہ بدحالی کا شکار ہوا: پرویز الٰہی 

Oct 06, 2020

لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کی سپیشل کمیٹی نمبر 13 کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر قانون محمد بشارت راجہ، ارکان اسمبلی میاں شفیع محمد، نوابزادہ وسیم خان، سید عثمان محمود، ملک احمد علی او لکھ، مس سونیا، ساجد احمد خان بھٹی، ملک ندیم کامران، میاں مناظر حسین رانجھا، خدیجہ عمر، پارلیمانی سیکرٹری ہوم سمیت ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک نے بھی شرکت کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے 70 نئے سٹیشنز جلد آپریشنل کرنے کیلئے 250 نئی ایمبولینسیں خرید کر محکمے کو دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دس سالوں میں ریسکیو ادارے کو بہتر بنانے کیلئے قانون سازی نہیں کی گئی، یہی وجہ ہے کہ یہ ادارہ بدحالی کا شکار ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 1122 کو خودمختار ادارہ بنانے کیلئے فوری طور پر اقدامات عمل میں لائے جائیں جس کیلئے کمیٹی نے وزیر قانون محمد بشارت راجہ کی سربراہی میں ایمرجنسی سروسز بورڈ بنانے اور ایمرجنسی کونسل کے کچھ اختیارات بورڈ کو تفویض کرنے کیلئے ایمرجنسی ایکٹ میں ترمیم کرنے کی بھی اجازت دے دی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 1122 عوامی خدمت کا ایسا منصوبہ تھا جس نے بلاتفریق مخلوق خدا کی خدمت کی۔

مزیدخبریں