علماء مشائخ اختلافات بالائے طاق رکھ کر اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں : مقررین

لاہور (نیوز رپورٹر) قیام پاکستان کی تحریک میں علماء و مشائخ نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کا بھرپور ساتھ دیا تھا اور آج پاکستان کی وحدت اور سالمیت کے تحفظ کے ضمن میں بھی مشائخ عظام اور علمائے کرام اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ مشائخ عظام اور علمائے کرام فرقہ واریت‘ مسلک اور عقیدے کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر دین اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہارمقررین نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان‘ لاہور میں منعقدہ تصوف سیمینار کے دوران کیا۔ یہ سیمینار نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اور حافظ الملت فائونڈیشن کے اشتراک سے چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمان خاص خانقاہ عالیہ قادریہ بھرچونڈی شریف کے سجادہ نشین اور مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کے امیر پیر عبدالخالق القادری تھے جبکہ اس موقع پر سجادہ نشین آستانۂ عالیہ پاکپتن شریف پیر دیوان احمد مسعود چشتی، سجادہ نشین آستانۂ عالیہ سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی، ناظمِ تعلیمات و شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ رضویہ علامہ حافظ عبدالستار سعیدی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ خانقاہ محبوب آباد شریف حویلیاں پیر سید محی الدین محبوب، سجادہ نشین اورنگ آباد شریف انڈیا خواجہ فخر الدین فخری، سجادہ نشین آستانہ عالیہ ٹوبہ قلندر بہارلنگر پیر سید رشید احمد شاہ، پیر سید نذرمحمود شاہ، پرو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، پروفیسر ڈاکٹر محمد قمر علی زیدی، پیر سید شفیق احمد شاہ، آستانہ عالیہ قادر بخش شریف کمالیہ کے پیر سید محمد فراز شاہ ، پروفیسر ڈاکٹر خضر نوشاہی، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید اورآستانہ عالیہ بھرچونڈی شریف کے مریدین اور عقیدت مندوں نیز دیگر خانقاہوں سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن مجید‘ نعتِ رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ سیمینار کی نظامت کے فرائض سید احسان احمد گیلانی نے انجام دیے۔  چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد نے کہا کہ اعلیٰ اخلاق ہی انسان کو انسان بناتے ہیں، انسان اخلاق سے دور ہو تو انسانیت سے دور ہو جاتا ہے۔ ہم ایکدوسرے کی مدد اور معاونت کرتے رہیں کہ وہ دین اسلام کی شعائر کی پابندی کریں۔ دین کی اصل روح دنیا کے سامنے پیش کریں وہ روح جو نبی کریمؐ نے ہمیں عطا کی ہے۔ سجادہ نشین درگاہ عالیہ بھرچونڈی شریف پیر عبدالخالق القادری نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران برصغیر میں مختلف خانقاہوں سے وابستہ مشائخ عظام اور علمائے حق نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بے لوث قیادت پر اظہار اعتماد کیا اور اپنے مریدین کو آل انڈیا مسلم لیگ کی دامے‘ درمے‘ سخنے معاونت کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا عصر حاضر میں علماء و مشائخ کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نسل نو کی کردار سازی میں اپنا کردار ادا کریں اور انہیں دین اسلام کی روشن تعلیمات سے آگاہ کریں۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی نے کہا کہ آج ہم فرقہ بندی کا شکار ہو چکے ہیں، اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارا تعارف بریلوی، دیوبندی، وہابی یا شیعہ کے بجائے مسلمان کا ہو۔ علامہ حافظ عبدالستار سعیدی نے کہا کہ صوفیائے بھرچونڈی شریف قیام پاکستان کی تحریک اور بعدازاں استحکام پاکستان کی تحریک میں بھی صف اول میں نظر آتے ہیں۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ خانقاہ محبوب آباد شریف حویلیاں پیر سید محی الدین محبوب نے کہا کہ اسلام کے پھیلائو میں خانقاہوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ آستانہ عالیہ قادر بخش شریف کمالیہ کے پیر سید محمد فراز شاہ نے کہا کہ سلسلۂ تصوف کی جڑیں بہت گہری ہیں۔ عوام الناس کو اپنی عاقبت سنوارنے کے لیے مشائخ عظام سے محبت کرنی چاہئے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید قمر علی زیدی نے کہا کہ صوفیاء کرام نے اتحاد اور پیار محبت کا درس دیا۔ ملک محبوب الرسول قادری نے کہا کہ پاکستان اولیاء کا فیضان ہے۔ اس کی بنیادوں میں اولیائے کاملین اور انکے وابستگان کا پورا حصہ موجود ہے۔ یہ ایک روحانی سلطنت ہے۔ مدینہ منورہ کا فارسی ترجمہ پاکستان ہے۔ قیام پاکستان کی تحریک کو یقینی بنانے میں بنارس سنی کانفرنس کی اہمیت اظہر من الشمس ہے۔ پروفیسرمفتی شکیل انجم نے کہا کہ کچھ لوگ صرف اپنے لئے جیتے ہیں جبکہ کچھ لوگ دوسروں کیلئے جیتے ہیں۔ پیر عبدالخالق القادری اتحادِ امت کے داعی ہیں۔ سید احسان گیلانی نے کہا کہ پیر عبدالرحمن بھرچونڈویؒ نے دو قومی نظریہ کو اپنا منشور بنایا۔ پیر صاحب نے سندھ کے علماء و مشائخ کوایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور قیام پاکستان کے لیے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ پاکستان نعمت خداوندی ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ سیمینار کے اختتام پر پیر عبدالخالق القادری نے وطن عزیز کے استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کرائی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...