اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان سے چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی۔ سی پیک منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ سی پیک کے دسویں جے سی سی اجلاس کی تیاریوں پر گفتگو کی گئی۔ صوبے کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں رشکئی اکنامک زون کے جلد افتتاح پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم عنقریب رشکئی اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اکنامک زون میں صنعتوں کیلئے درخواتیں موصول ہوئی ہیں۔ رشکئی اکنامک زون سے صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت پورا علاقہ ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔ چند سال قبل پشاور اور گردونواح میں دہشتگردی کا تاریک دور یاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے مقامی آبادی کے اشتراک سے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کیا۔