اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چین کی سینٹرل کیمونسٹ پارٹی کی طرف سے وزارتِ خارجہ کیلئے 54000 حفاظتی ماسکس کا عطیہ دیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مشیر پاکستان تحریک انصاف، برائے سی پی سی کوآپریشن بایزید کانسی نے سینٹرل کیمونسٹ پارٹی چین کی طرف سے دیا گیا حفاظتی ماسکس کا عطیہ،وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو پیش کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے کرونا عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے جس طرح دنیا بھر کے مختلف ممالک بالخصوص پاکستان کی معاونت کی ہے وہ انتہائی قابل تحسین ہے ۔کرونا وبا کے دوران چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت، پاکستان اور چین کے مابین لازوال دوستی کا مظہر ہے ۔وزیر خارجہ نے کرونا وبا سے بچاؤ کیلئے 54000 حفاظتی ماسکس کا عطیہ بھجوانے پر چین کی سینٹرل کمیونسٹ پارٹی کا شکریہ ادا کیا۔
چینی سینٹرل کیمونسٹ پارٹی کا وزارتِ خارجہ کیلئے 54000 حفاظتی ماسکس کا عطیہ
Oct 06, 2020