لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مسلسل مہنگائی میں اضافہ شرمناک اقدام ہے۔ پٹرولیم کے بعد بجلی کے نرخوں میں بھی ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں 1.72روپے فی یونٹ اضافہ کے بعد یونٹ 18روپے کا ہوگیا ہے۔ اس اقدام سے بجلی کے صارفین پر 90ارب روپے کا بوجھ پڑے گا، ہم مطا لبہ کرتے ہیں کہ اس اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ میں بیٹھے افراد کے بیانات عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ مہنگائی نے 22کروڑ عوام کا کچومر نکال دیا ہے اور وزیر اعظم مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ فلاحی ریاست کا خواب تین برسوں میں پورا نہیں سکا۔ کوئی ایک طبقہ بھی ایسا نہیں جو خوشحال ہو۔ وزیرا عظم کی ٹیم پر آف شور کمپنیوں کا ٹھپہ لگ چکا ہے۔