نارووال + خیرپور ٹامیوالی (نامہ نگاران) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی کرونا ویکسینیشن کا جعلی اندراج کرنے پر ڈاکٹر اور سپروائزر کو معطل کر دیا گیا۔ تحصیل خیرپور ٹامیوالی کی یونین کونسل گڈن کے بی ایچ یو میں تعینات محمد فرحان عباسی سٹی سپروائزر نے جعلی اندراج کر کے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو ویکسین لگا دی۔ اس میں بی ایچ یو کے انچارج ڈاکٹر محمد عمر جاوید بھی ملوث ہیں۔ ڈپٹی ڈی ایچ او خیرپور حافظ محمود احمد کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرا دی گئی اور ڈاکٹر محمد اقبال مکول چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولپور نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عمر جاوید اور فرحان عباسی سپروائزر کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر ناصر رؤف‘ ویکسی نیٹر ثاقب کے خلاف ناجائز ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ ان کو باعزت رہا کیا جائے۔ 3 اکتوبر کو نارووال پبلک سکول میں مبینہ طور پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی’’ فیک‘‘کرونا ویکسی نیشن کے معاملہ میں گرفتار ہونے والے محکمہ ہیلتھ کے ملازم ناصر رئوف اور ثاقب کے خلاف ایف آئی آر اور گرفتاری کے معاملے پر گزشتہ روز ڈی سی آفس اور سی ای او ہیلتھ کے دفتر کے باہر نیوٹریشن ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پر امن احتجاج کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیوٹریشن ملک سجاد کا کہنا تھا کے گرفتار نیوٹریشن سپر وائزر ناصر روف، ویکسی نیٹر ثاقب کو انصاف دیا جائے اور ان کو جلد سے جلد رہا کر کے معاملے کی شفاف انکوائری کروائی جائے تاکے اصل ملزموں تک پہنچا جا سکے۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر گرفتار ملازمین کو رہا نہ کیا گیا تو ضلع بھر کے نیوٹریشن سپروائز کرونا ویکسین لگانے کا بائیکاٹ کر دیں گے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو نارووال میں ویکسین لگانے کی مبینہ انٹری کے الزام میں محکمہ صحت کے دوملزمان کا پولیس نے عدالت سے ایک روز کا ریمانڈ لے لیا۔ ابتدائی انکوائری میں ڈیٹا انٹری انچارج ناصر رئوف اور ویکسی نیٹر ثاقب کے لاگن سے انٹری کی گئی تھی۔ سی ای او ڈاکٹر خالد کے مطابق دوملازمین کو معطل بھی کر دیا گیا جبکہ نارووال پبلک سکول کرونا ویکسین انچارج ڈاکٹر رمشہ مسعود کے خلاف کارروائی کیلئے سیکرٹری ہیلتھ کو لیٹر بھی لکھ دیا ہے۔
نواز شریف کو فیک کرونا ویکسین‘ خیرپور ٹامیوالی میں ڈاکٹر اور سپروائزر معطل
Oct 06, 2021