لاہور،راولپنڈی،پشاور میں فوجی افسروں،جوانوں کو اعزازات کی تقاریب


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے لئے قوم اور ملک کے لئے شاندار خدمات انجام دینے پر انہیں فوجی اعزازات سے نوازا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مجموعی طور پر 71 شہداء کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ جب کہ 92 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 170 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) دیا گیا۔ راولپنڈی اور منگلا کور سے تعلق رکھنے والے افسران اور جوانوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب آرمی آڈیٹوریم جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔  25 شہید سپاہیوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ شہداء کے رشتہ داروں نے ان کے ایوارڈ وصول کئے۔ اس کے علاوہ 67 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا جبکہ 122  افسران کو تمغہ امتیاز  (ملٹری) سے نوازا گیا۔ تقریب میں آرمی کے اعلی افسران اور ان کے اہلخانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔  ملتان، لاہور، گوجرانوالہ اور بہاولپور کور سے تعلق رکھنے والے افسران اور جوانوں کو ان کی شاندار خدمات پر ایوارڈ دینے کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مذکورہ کورز سے تعلق رکھنے والے 20 شہداء کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ شہید ہونے والے جوانوں کے لواحقین نے ان کے ایوارڈ وصول کئے۔ جبکہ 24 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 34 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔   پشاور کور سے تعلق رکھنے والے شہداء اور حاضر سروس افسران کی قوم و ملک کے لئے شاندار خدمات پر انہیں ایوارڈ دینے کی تقریب کور ہیڈکوآرٹر پشاور میں منعقد ہوئی۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے افسران اور لواحقین میں ایوارڈ تقسیم کئے۔ تقریب کے دوران افسران اور شہداء کو 26 تمغہ بسالت، ایک ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 14 تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

ای پیپر دی نیشن