اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈر وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی نے گزشتہ روز جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران سکیورٹی، علاقائی مسائل، خاص طور پر افغانستان کی تازہ ترین صورتحال سمیت عسکری شعبے میں دوطرفہ تعاون اور ان کا دائرہ کار بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی تعاون خطے میں امن و سلامتی پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ سعودی کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی خطے میں امن لانے میں مخلصانہ کوششوں بالخصوص افغان امن عمل کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی دفاعی افواج سعودی عرب کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کی بہت قدر کرتی ہیں۔ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان کا نیول ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل سٹاف آفیسرز سے بھی تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں فہد بن عبداللہ الغفیلی نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور اور باہمی بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان کو پاک بحریہ کے کردار اور صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام پر بات کی۔ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز نے خطے میں بحری امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کے عزم اور کوششوں کو سراہا۔ دونوں سربراہان نے عسکری تربیت، دو طرفہ دورے اور دفاعی معاملات میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔