بد ترین انتقام کے باوجود کسی ادارے سے لڑائی نہیں،حمزہ شہاز


لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ کے جن افراد کے نام پنڈورا پیپرز میں آئے ہیں انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں جنوبی پنجاب میں بہترین سڑکیں، منصوبے تعمیر کرائے۔ آج جنوبی پنجاب کا کوئی پرسان حال نہیں۔ آئیں، سب جماعتیں مل کر ملک کا سوچیں، دشمن باہر بیٹھ کر سازشیں کر رہا ہے۔ کھیل تماشہ بند ہونا چاہیے۔ شہباز شریف کی میثاق معیشت کی بات کا مذاق اڑایا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت کو پابند سلاسل رکھا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 3 سال میں ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ ہوا۔ 100 دن میں جنوبی پنجاب صوبے کا نعرہ لگایا تھا وہ کہاں گیا؟۔ ملک میں صاف وشفاف انتخابات ہونے چاہئیں۔ برملاکہتا ہوں بدترین انتقام کے باوجود کسی ادارے سے لڑائی نہیں۔ ہماری لڑائی امن دشمنوں کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک ایک پائی کیلئے آئی ایم ایف کی منت سماجت کرنی پڑتی ہے۔ پنڈروا پیپرز کی غیر جانبدار تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا این سی اے کو شہباز شریف کے خلاف شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے مزید کہا یہ حکومت کی نا اہلی ہے کہ لوڈشیڈنگ پھر سے آ گئی۔ 2018ء کے داغدار الیکشن کا نتیجہ ہم سب بھگت چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن