کابل (نوائے وقت رپورٹ +انٹرنیشنل ڈیسک) افغانستان کے نائب وزیراعظم ملا برادر اور وزیر خارجہ امیر خان متقی سے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے نمائندہ خصوصی سائمن گاس نے وفد کے ہمراہ کابل میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے خواہشمند ہیں۔ اس کے علاوہ افغانستان کے نائب وزرائے اعظم ملا عبدالغنی برادر اور عبدالسلام حنفی سے بھی برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے نمائندہ خصوصی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ افغانستان کو انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے برطانوی مدد، ملک کو دہشت گردوں کیلئے پناہ گاہ بننے سے روکنے اور ملک چھوڑنے کے خواہشمند افراد کو مسلسل محفوظ راستے کی ضرورت پر بات چیت کی گئی۔ سائمن گاس نے افغانستان میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک اور عورتوں اور لڑکیوں کے حقوق کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ادھر ایرانی وفد نے بھی طالبان سے ملاقات کی ،مقصد تعلقات کو مستحکم بنانا ہے، مشترکہ بیان میں کہا اسلم قلعہ اور دوغارون راہدایوں کو 24گھنٹے کھلا رکھا جائیگا،مسائل مذاکرات سے حل کئے جائیں گے۔
برطانیہ افغانستان سے بہتر تعلقات کا خواہشمند خصوصی نمائندے نے اقلیتوںسے سلوک،خواتین حقوق کا معاملہ اٹھایا
Oct 06, 2021