کشمیریوں پر مظالم بند ہونے تک حقیقت اجاگر کرتی رہوں گی: ناز شاہ 

اسلام آباد (اے پی پی) برطانوی پارلیمنٹ کی رکن ناز شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کے خلاف آواز کو بنیادی سطح پر بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ بین الاقوامی سطح پر یہ آوازیں مئوثر طور پر سنی جا سکیں۔ کشمیر کا موضوع میرے دل کے بہت قریب ہے۔ جب تک مقبوضہ کشمیر میں ہماری بہنوں، بیٹیوں اور بھائیوں کے ساتھ مظالم کا سلسلہ بند نہیں ہو جاتا، کشمیر کی اصل حقیقت اجاگر کرتی رہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ''اے پی پی'' کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ بریڈ فورڈ ویسٹ سے 2015ء سے لیبر رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بیگناہ افراد کی ہلاکتوں، آبروریزی اور پیلٹ گنز سے زخمی کرنے کے بارے میں پارلیمان کے علاوہ کمیونٹیز کی طرف سے اٹھنے والی آوازوں کا عالمی سطح پر زیادہ اثر ہو گا۔ ناز شاہ نے کہا کہ کشمیر کی بوڑھی نسل جو کئی عشروں سے مقبوضہ وادی میں وحشیانہ مظالم کی چشم دید گواہ ہے اور نوجوان جو سنگین غیر انسانی کارروائیوں سے مسلسل مصائب میں مبتلا ہیں، کو درپیش مسائل کو سرگرم سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا میں اجاگر کیا جانا چاہئے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پارلیمانی روابط کی صورتحال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان روابط کو تقویت دینے کی ضرورت ہے اور ہمیں کشمیر کیلئے بولنے کی بھی ضرورت ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن