راولپنڈی(محبوب صابر )حکومت پنجاب کی جانب سے ڈینگی کیسز میں اضافے پرسرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،عملدر آمد نہ کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی،رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہونے پر محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے ضلع بھر کے تمام سرکاری و پرائیویٹ سکولوںاور کالجوں میں ہاف سلیو یونیفارم پر پابندی، ما حول کو صاف ستھرا بنانے کے لئے اقدامات ، سکول کے چھتوں صحن اور دیگر پانی والی جگہوں کی مکمل صفائی، سکول کے کمروں میں مچھر مار ادویات کا استعمال ،ڈینگی سپرے کو یقینی بنانے اورکالجوں اور سکولوں میں ڈنیگی کے حوالے سے آگاہی دینے کیلئے بینرز اور پو سٹر آویزاں کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، کسی بھی سکول و کالج کی جانب سے ڈینگی ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو قانونی کارروائی کی جائے گی، تمام سکولوں کالجوں کے سربراہان روزانہ کی بنیاد پر اعلی حکام کو صفائی و دیگر ایس اوپیز کے حوالے سے رپورٹ دینے کے پابند ہوں گے، ڈینگی مانیٹر نگ ٹیمیں سکولوں اور کالجوں کا سروے بھی کریں گی، گورنمنٹ کالج برائے خواتین ڈھوک الہی بخش کی پر نسپل پر وفیسر ڈاکٹر فریحہ نگہت نے بتایا کہ حکومتی احکامات پر عمل در آمد شروع کر دیا گیا، ڈینگی کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرایا جا رہا ہے،آل پاکستان پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر ابرار احمد خان نے بتایا کہ تما پرائیویٹ سکولوں میں ڈینگی کیلئے حکومتی احکامات پر عمل کیا جا رہا ہے ۔