اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں 126ویں کمبیٹ سپورٹ، 42ویں بی ایل پی سی، دوسرے ADSSC اور 23ویں (بلوچستان بیچ) A&SD کورسز کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ ائیر مارشل ذوالفقار احمد قریشی، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (ٹریننگ) اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ معزز مہمان کی اکیڈمی آمد پر ائیر وائس مارشل قیصر جنجوعہ، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں کل 75 کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔ مہمان خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس میں برانچ کا نشان اور کورس میں بہترین کارکردگی پر ٹرافیاں تقسیم کیں۔ 126ویں کمبیٹ سپورٹ کورس میں بہترین کارکردگی کی ائیر مارشل اصغر خان ٹرافی ایوی ایشن کیڈیٹ سید علی حسن شاہ نے حاصل کی۔ 42ویں بی ایل پی سی کورس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈیٹ عبدالرحمن نے جیتی۔ دوسرے ADSSC کورس کی بہترین کارکردگی کی چیف آف ائیر سٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ محمد فیصل شہزاد نے حاصل کی۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاکستان اقوام عالم میں ایک ممتاز حیثیت کا حامل ہے جو باہمی امن و احترام کے اصولوں کی بنیاد پر دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے۔ کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ وہ ایک ایسی بہترین فضائیہ کا حصہ ہیں جس کے نڈر پیشروں نے بہادری، ناقابل تسخیر ارادہ، جذبہ قربانی، پرعزم جرات اور غیر متزلزل ایمان کی شاندار وراثت چھوڑی ہے۔ اب یہ آپ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ان بیش قیمت اقدار کی پاسداری کریں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ وہ اعلی پائے کی پیشہ ورانہ مہارت کو عمدہ قیادت کی خوبیوں کے ساتھ ضم کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی قوم اور پاک فضائیہ کی جانب سے ان پر کیے گئے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور سعی کریں۔ تقریب میں اعلی فوجی و سول حکام، گریجویٹ ہونے والے ایوی ایشن کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔