پولیس رسپانس یونٹ کی گاڑیوں میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ٹیبلٹس نصب 

Oct 06, 2021

لاہور(نامہ نگار) پولیس ریسپانس یونٹ(پیرو) کی گاڑیوں میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ٹیبلٹس نصب کر دی گئی ہیں۔ یہ ٹیبلٹس پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ساتھ منسلک ہیں اور دوران پٹرولنگ یا سنیپ چیکنگ کے دوران کسی بھی شخص یا گاڑی کی مانیٹرنگ،کریمینل ریکارڈ اور ڈیٹا چیکنگ،جرائم پیشہ و اشتہاری مجرموں کی لوکیشن اور ٹریسنگ،بلیک لسٹ اور چوری شدہ گاڑیوں کی تفصیلات ان ٹیبلٹس میں دستیاب ہے۔سی سی پی او  سیف سٹیز اتھارٹی کے دفتر میں پولیس ریسپانس یونٹ کی گاڑیوں میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹیبلٹس متعارف کرانے کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کریمینل ریکارڈ، ای چالاننگ ڈیٹا و دیگر اہم معلومات جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرکے لا اینڈ آرڈر اور کرائم کنٹرول میں بہتری لائی جا رہی ہے۔پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ ٹیبلٹس ابتدائی طور پر پولیس ریسپانس یونٹ 8گاڑیوں میں نصب کئے گئے ہیں۔ جبکہ ان گاڑیوں پر تعینات پی آر یو افسر و اہلکارکو ان ٹیبلٹس کو آپریٹ کرنے کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ پولیس ریسپانس کے گاڑیوں میں نصب لائیو ویو کیمروں کی زومنگ سے جلسے جلوسوں اور لا اینڈ آرڈر صورتحال میں مشتبہ و قانون شکن عناصر، مشکوک گاڑیوںکی مانیٹرنگ اور ٹیبلٹس پر دستیاب ڈیٹا سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ابتدائی طور پر شاہدرہ،شیرا کوٹ،چوہنگ،کاہنہ،ہربنس پورہ سمیت پی آر یو کی آٹھ ٹیمیں اس سہولت سے فیض یاب ہوں گی۔اس موقع پرڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن(ر) سہیل چوہدری،سی ٹی او منتظر مہدی،ایس پی ڈولفن سکواڈ و پیرو راشد ہدایت و دیگر سینئر پولیس افسر اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں