کراچی (اے پی پی) ضلع جنوبی،شرقی، کیماڑی، غربی اور ملیر میں ڈینگی وائرس اور دیگر جراثیم کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کی اسپرے مہم کاآغازکردیا۔ منگل کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈزبیر احمد چنہ کی ہدایت پر ضلع شرقی، ضلع جنوبی، ضلع ملیر،ضلع غربی اور ضلع کیماڑی میں کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے تعاون سے بالخصوص ڈینگی وائرس و دیگرجراثیم کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کے چھڑکائو کا آغاز کردیا ہے۔پانی کے ٹرک، ہاتھ کی اسپرے مشین اور سوزوکیوں میں اسپرے مشینوں کے ذریعے تمام سڑکوں،یوسیز، پارکوں اور کچرا کنڈیوں پر اسپرے جاری ہے۔ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈزبیر احمد چنہ نے چائنیز کمپنیز و افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مثبت اقدامات یقینی بنا ئیں جبکہ پانچوں اضلاع سے کچرا اٹھانے کاکام بھی بروقت جاری ہے۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی اور اپنے گھروالوں کی صحت کا خیال رکھیں ، کہیں پانی جمع کرکے نہ رکھیں ڈینگی وائرس صاف پانی میں پیدا ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے شہریوں سے کچرا تھیلوں میں بند کرکے مقررہ جگہ پر رکھنے کی بھی اپیل کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم بتدریج گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے عمل کو بڑھاتے جا رہے ہیں جس کے لئے شہریوں کو آگاہی دے رہے ہیں، کہ کھلا کچرا باہر نہ پھینکیں کھلا کچرا گندگی اور جراثیم کی افزائش میں مدد گار ہوتے ہیں لہذا اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران اورچائینیز کمپنی کو علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت جاری کیں۔
ڈینگی اسپرے
ضلع جنوبی،شرقی، کیماڑی غربی اور ملیر میں ڈینگی وائرس
Oct 06, 2021