کامیڈی کنگ عمر شریف کی نماز جنازہ کلفٹن میں واقع عمر شریف پارک میں ادا کردی گئی ،عمر شریف کی نمازجنازہ سیلانی ویلفیئر کے علامہ بشیر فاروقی نے پڑھائی،کامیڈی کنگ عمر شریف کی نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی رہنماں اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی شخصیات سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کو حضرت عبداللہ شاہ غازی رحم اللہ علیہ کے مزار سے متصل قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔اس سے قبل عمر شریف کا قومی پرچم میں لپٹا جسد خاکی آخری دیدار کے بعد ایمبولینس کے ذریعے ان کی رہائشگاہ سے جنازہ گاہ کے لیے روانہ ہوا اس موقع پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ عمر شریف کو عمر شریف کے جسدِ خاکی کو رہائش گاہ پر لانے کے موقع پر گلشن اقبال میں واقع ان کی رہائش گاہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، علاقہ پولیس کی نفری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جنازے کی سکیورٹی کے لیے دو ڈی ایس پیز کی سربراہی میں 200 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے، پارک کے مین گیٹ پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے جب کہ پارک میں جنریٹر اوراسپیکر لگائے گئے ۔ اس کے علاوہ عمر شریف پارک میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سرچنگ بھی کی گئی۔اس سے قبل ترک ائیر لائن کی پرواز TK-708نے رات 12 بج کر 53 منٹ پر استنبول سے ٹیک آف کیا جو صبح 5 بجکر 33 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پہنچی۔ عمر شریف کی بیوہ زرین غزل بھی میت کے ہمراہ کراچی پہنچیں۔ کراچی پہنچنے کے بعد عمر شریف کی میت ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے ان کے بیٹوں کے حوالے کردی گئی جس کےبعد میت کو کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا ہے۔ لیجنڈ اداکار کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا ،عمر شریف کی میت لے جانے والی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جب کہ میت کی سرد خانے روانگی کے دوران قافلے میں عزیز و اقارب، مداحوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا ہے۔