وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ مردم شماری کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا،ادارے آزاد ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین انتخابی عمل میں شفافیت لے کر آئے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق، خالد مقبول صدیقی اور سینیٹر فیصل سبزواری پر مشتمل وفد نے ملاقات کی, اس موقع پر وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر بھی موجود تھے۔ملاقات میں مردم شماری اور سندھ میں جاری وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی. شرکاء نے کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں مل کر سندھ اور بالخصوص کراچی کی ترقی کیلئے موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ وفد نے وفاقی حکومت کے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے منصوبوں پر وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مردم شماری کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا، موجودہ دورِ حکومت میں ادارے آزاد ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین انتخابی عمل میں شفافیت لے کر آئے گی، پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے انتخابی عمل پر مثبت اثرات کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔