صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ریاضی منطق کی بنیاد ہے، اساتذہ اور والدین سائنس و ریاضی کے مضامین میں بچوں کی دلچسپی پیداکرنے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کریں، پاکستان میں سائنس اور ریاضی پر کم توجہ دی جا رہی ہے، ضروری ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں ایوان صدر میں سائنس و ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی سے متعلق تعلیمی منصوبے (سٹیم)کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، صوبائی وزیر خیبر پختونخوا شہرام ترکئی، پاکستان سائنس فانڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد بیگ، سیکرٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر اختر نذیر اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ صدرمملکت نے کہا کہ سٹیم ایجوکیشن ایک بروقت اقدام ہے جس سے سماج کو منظم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ مختلف ممالک کی تعلیمی میدان میں ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی کی ایک وجہ سائنس کے زیادہ سے زیادہ گریجویٹ ہیں، جہاں گریجویٹس کی تعداد 8 کروڑ جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے گریجویٹس کی تعداد 47 لاکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے ضروری ہے کہ سٹیم تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے، لوگوں کا میعار زندگی بہتر بنانے کیلئے تعلیم کے شعبہ خاص طور پر سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم پر بھرپور توجہ دینی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اگر ہم نے سائنس و ٹیکنالوجی اور ریاضی کے شعبوں پر توجہ مرکوز نہ کی تو ہم دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے۔ انہوں نے سٹیم پراجیکٹ کے اجراپر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبہ کی بہتری کے لئے اچھا کام کررہے ہیں، ہمیں میعاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی تربیت کا بندوبست بھی کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں ترقی کے نتیجے میں دوسری قومیں آگے نکل گئی ہیں، عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا تعلیم کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ طالب علم کو ہمیشہ ایک استاد حوصلہ افزائی کرتا ہے، سٹیم منصوبہ میں شامل مضامین میرے پسندیدہ ہیں، اگرچہ میں ڈاکٹر بن گیا لیکن میں ریاضی کا ایک انتہائی لائق طالب علم تھا۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اس پروگرام کے تحت 50 سرکاری ہائیر سیکنڈری سکولوں میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کرے گی۔ میٹرک اور ایف ایس سی کے طلبا کیلئے سٹیم کے میدان میں ٹریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ سٹیم کلاسز میں طلباکا انتخاب ان کی صلاحیت اور استعداد کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت سٹیم تعلیم دینے کیلئے طلباکیلئے ٹریننگ ماڈیولز تیار کیے جائیں گے۔ منصوبے پر آزاد جموں و کشمیر سمیت پورے پاکستان میں عمل کیا جائے گا۔ تقریب میں منتخب تعلیمی اداروں اور کیڈٹ کالجز کے سربراہ بھی شریک ہوئے۔
ریاضی منطق کی بنیاد ہے،سائنس و ریاضی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے.ڈاکٹر عارف علوی
Oct 06, 2021 | 21:54