اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمیں نئے لگنے والے آرمی چیف پر اعتراض نہیں لگانے والے پر ہے۔ فواد چودھدری نے دعوی کیا کہ حقیقی آزادی مارچ میں بیس سے پچیس لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا ہے کہ نیب ترامیم کیس میں ججز نے آج بہت اچھے سوالات پوچھے ہیں۔ موجودہ حکومت کی ترامیم سے پاکستان میں احتساب کا نظام ختم ہوگیا ہے، شہباز شریف، مریم نواز، آصف علی زرداری کے مقدمات کے فیصلے اس بات کی طرف اشارہ ہیں کہ پاکستان میں احتساب کا نظام ختم ہوگیا ہے، رجیم چینج کا بنیادی مقصد ہی احتساب کا نظام ختم کرنا تھا۔ آج سیکشن 25 پر بحث ہوئی ہے، نیب نے اس قانون کے تحت بہت بڑی رقم ریکور کی۔ موجودہ حکومت نے سیکشن 25 میں بھی ترمیم کر لی ہے۔ اس ترمیم کی وجہ سے کروڑوں روپے نیب کو واپس کرنا پڑیں گے۔ اس ترمیم کے سب سے بڑے بینفشری آصف زرداری ہیں۔ انور مجید اور حسین لوائی نے اربوں روپے کی پلی بارگین کی۔ انور مجید اور حسین لوائی کے اربوں روپے آصف زرداری واپس کرانا چاہتے ہیں، فواد چوہدری نے کہا کل مریم نواز نے پریس کانفرنس کی آج لندن پہنچ گئیں۔ دریں اثناء ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کبھی ایک لفظ کشمیر پر بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف عمران خان فوبیا ہے ذہنی طور پر مفلوج شخص کو وزیر دفاع لگا دیا گیا ہے، یہ پاکستان کا نیشنل سکیورٹی ڈیزاسسٹر ہے، فواد چوہدری نے کہا کہ خواجہ آصف سرکاری سکیورٹی میں بیٹھ کر عمران خان کے خلاف اوّل فْول بولتا ہے، میں چیلنج کرتا ہوں یہ گفتگو کسی عوامی اجتماع یا مارکیٹ میں کرے لوگوں نے جوتے نہ مارے تو کہیے گا۔
خواجہ آصف نے کبھی کشمیر پر بات نہیں کی، اعتراض آرمی چیف نہیں لگانے والے پر ہے: فواد
Oct 06, 2022