لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ سود کو بچانے اور ٹرانس جینڈر بل منظور کرنے والے پارلیمنٹیرین اور حکمران عوام اور اسلام کے دشمن ہیں۔ یہ ملک امریکہ، برطانیہ اور یورپ نہیں اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے جو نظریہِ اسلام کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ہے۔ یہاں اسلام کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ پاکستان میں بسنے والے 22 کروڑ محمدِ عربی کے دیوانے اور پروانے اسلام کی راہ میں حائل ہونے والی کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ وہ اپنے مرکزی سیکرٹریٹ گلبرگ میں 7 اکتوبر مال روڈ مسجد شہداء پر تمام دینی اور مذہبی جماعتوں کے ٹرانس جینڈر بل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کا لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے مرکزی عہدیداروں کے خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ سب سے زیادہ گھناؤنا اور شرمناک کردار ان مذہبی قائدین کا ہے جن کی موجودگی میں ٹرانس جینڈر بل پاس ہوا۔ آج وہ وضاحتیں کرتے پھر رہے ہیں کہ ہمیں اندھیرے میں رکھا گیا۔ ہم ان سے سوال کرتے ہیں کہ کیا سودی نظام کے بارے میں بھی آپ اندھیرے میں ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کو ان کے ذاتی مفاد کے بارے کوئی اندھیرے میں نہیں رکھ سکتا، تاریخ اور قوم ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔