وزیر ہوں، میری تنخواہ 2لاکھ، ماتحت ستر ستر لاکھ روپے لے رہے ہیں: رانا تنویر 

Oct 06, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیم کے فورغ کیلئے اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے، تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے عالمی اداروں تجربات سے بھی فائدہ اٹھائیں گے، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے اساتذہ کے عالمی دن پر اکیڈمک ایکسیلینس ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم اساتذہ پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایسی تقریبات ہر سال ہونی چاہئیں، انہوں نے کہا کہ فیڈرل منسٹر ہوں دو لاکھ تنخواھ ہے، میرے انڈر اتنے لوگ ہیں جو ستر ستر لاکھ لے رہے پر کام نہیں کرتے، ہمارے سیکرٹری کی تنخواہ مجھ سے زیادہ ہے، میں ملک اور قوم کی خدمت کرتا ہوں اس موقع پر اساتذہ کو بتانا چاہتا ہوں مجھے اساتذہ کا بہت احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اساتذہ اب بھی ایمانداری سے کام کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست میں میرا آنا خاندانی وجہ تھی میرے لئے سیاست مشکل تھی، سیاست دان جیل جاتے ہیں میں اپنی پارلیمانی سیکرٹری کو بھی کہتا ہوں ایک بار لازمی جیل جائے، ہماری پارلیمانی سیکرٹری بہت کام کر رہی ہے۔ ہمیں روایتی تعلیم سے ہٹ کر آگے بڑھنا ہے، اچھی تعلیم کے لئے اچھے اساتذہ کی ضرورت ہے۔ ہم عالمی اداروں سے تعلیم کے حوالے سے ٹریننگ بھی لے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم  اسلام آباد کے اساتذہ کا ہائرنگ کا مسئلہ فی الفور حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں