اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)وزارت بحری امور اسلام آباد میں 52ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کا اندرون ملک مطالعاتی دورہ کیا۔ تفصیلا ت کے مطا بق پاکستان نیوی وار کالج کے دس رکنی وفد نے ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان ایس آئی ( ایم)، کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج کی سربراہی میں پاکستان نیوی کے افسران سمیت وزارت بحری امور کا اپنے اندرون ملک مطالعاتی دورے پر اسلام آباد کا دورہ کیا۔پی این سٹاف کورس کی سربراہی ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان ایس آئی ( ایم)، کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو پی این وار کالج کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں باگاہ کیا اور بتایا کہ یہ پاکستان نیوی میں سیکھنے کی ایک اہم نشست ہے اور اسے مڈل آرڈر سنیارٹی کے نیول افسران کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیر کو مزید بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد طلباء افسران کو وزارت بحری امورکے کردار اور کاموں سے واقف کرانا ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور سینیٹر سید فیصل علی سبزواری نے 52ویں پی این سٹاف کورس کا خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیر نے وزارت میں ان کے دورے کو سراہا اور انہیں وزارت کے کردار اور ذمہ داریوں اور پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے امکانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے اس کے لیے سلامتی اور قومی اقتصادیات کے ساتھ ساتھ ترقی کرنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قومی سلامتی پالیسی میں قومی معیشت کے اہم کردار پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے طلبائ افسران کو قومی معیشت میں پاکستان کی تینوں بندرگاہوں کے تعاون سے مزید آگاہ کیا اور ان چیلنجوں پر روشنی ڈالی جن کا وزارت کو ہر شعبہ میں سامنا ہے۔اس موقع پر 52ویں پی این سٹاف کورس کے طلبائ افسران نے میرین آلودگی، ڈیجیٹلائزیشن اور میری ٹائم سیکٹر میں صوبائی حکومتوں کے کردار سے متعلق مختصر سوالات کئے۔