لاہور(آئی این پی ) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بیرونی طاقتوں کو برداشت نہیں پاکستان اپنے پاوں پر کھڑا ہو،ن لیگ کا مقصد اپنے کیسز ختم کرنا ہے،اسحاق ڈار آئے ہیں اب کرپشن کا نیا طریقہ ہوگا۔میاں اسلم اقبال نے الحمرا میں کیلی گرافی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے بہت خوبصورت نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے، الحمرا میں آنے والے آرٹسٹ دنیا میں پرفارم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو سازش کے تحت گرایا گیا، بیرونی طاقتوں کو برداشت نہیں پاکستان اپنے پاوں پر کھڑا ہوسکے، بیرونی طاقتوں نے اپنے سلپرز کو متحرک کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ ن لیگ کا مقصد اپنے کیسز ختم کرنا ہے، کیا کسی مہذب معاشرے میں ایسا ہوتا ہے کہ اپنی سزائیں ختم کرنے کے لیے قانون ہی ختم کر دیں۔ اسلم اقبال نے کہا کہ کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت اقتدار سے باہر ہو اور چھوٹی سی جماعت حکومت کررہی ہو، انکو این آر او ٹو مل چکا ہے پاکستان بنانا رپبلک بن چکا ہے، جب ہمارے معاشرے میں انصاف نہیں ہے تو ہمارے بچے کیسے زندگی گزاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نہیں دو پاکستان ہے امیر اشرافیہ کے لیے اور غریب کے لیے علیحدہ قانون ہے، اب یہ لوگ نئے طریقے سے کرپشن کریں گے اسحاق ڈار آئے ہیں اب کرپشن کا نیا طریقہ ہوگا۔ میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ آج سینٹرل پنجاب کے عہدیداران سے ملاقات ہوگی اور لانگ مارچ کی کال آخری مراحل میں شامل ہوچکی ہے، جنہوں نے اس ملک کو لوٹا انکے خلاف جدو جہد کرنا بھی جہاد ہے۔
بیرونی طاقتوں کو برداشت نہیں پاکستان اپنے پاوں پر کھڑا ہوسکے، اسلم اقبال
Oct 06, 2022