راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) نے قومی شاہراہوں پر حساس مائع کارگو کی محفوظ نقل و حمل کے موضوع پر سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سمینار میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، ٹرمینلز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ممبر گیس اوگرا محمد عارف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے اپنے خطاب میں انہوں نے محفوظ ڈرائیونگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔قومی شاہراہوں پر محفوظ ڈرائیونگ کے لئے ڈرائیور کو خصوصی تربیت وقت کا اہم تقاضا ہے۔ یہ تربیت آئے روز ہونے والے جان لیوا حادثات کی روک تھام کے لئے ڈرائیور کو مطلوبہ مہارت مہیا کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ محفوظ ڈرائیونگ ٹریننگ کا مقصد ممکنہ خطرات اورہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈرائیور کی اہلیت میں اضافہ کرنا ہے ،یہ بات قابل ذکر ہے کہ این ایل سی پاکستان کا لاجسٹکس کے شعبہ میں معتبر ادارہ ہے جو قومی شاہراہوں پر محفوظ ڈرائیونگ کے اعلٰی معیار کی پاسداری کرتا ہے۔سمینار خطاب کرتے ہوئے ممبر اوگرا نے لاجسٹکس میں بہترین روایات متعارف کرانے پر این ایل سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے این ایل سی انسٹیٹیوٹ دینہ میں ایل پی جی ڈرائیوروں کی تربیت اور ریفریشر کورسز کے انعقاد میں این ایل سی کے ساتھ باہمی تعاون پر آمادگی کا اظہار کیا۔سمینار سے ترکے سے تعلق رکھنے والے خطرناک اشیاء کی نقل و حرکت اور سیفٹی ٹریننگ کے ماہر احمد کراکس نے بھی خطاب کیا۔