لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے بنک ڈکیتی کے مقدمے میں تفتیش تبدیلی کا حکم دینے کے خلاف درخواست پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور کو آئندہ ہفتے طلب کر لیا ہے۔ جسٹس علی ضیاء باجوہ نے سماعت کی۔ وکیل نے کہا اعلی پولیس افسروں سے ملی بھگت کر کے بزنس پارٹنر نے دوسری تبدیلی تفتیش منظور کرا لی، دوسری تفتیش تبدیلی کا حکم پولیس آرڈر عدلیہ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔ سرکاری وکیل نے پولیس بورڈ کی طرف سے تحریری جواب جمع کرایا۔ عدالت نے جواب مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ پیشی پر تفصیلی جواب جمع کرایا جائے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ پولیس بورڈ کی طرف سے کوئی بھی سینئر افسر پیش نہیں ہوا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے عدالتی حکم کے باوجود کسی سینئر افسر کا پیش نہ ہونا افسوسناک رویہ ہے۔ مسلسل ایسے کیسز آ رہے ہیں جس میں تفتیش تبدیلی کرتے وقت قانون کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ قانونی وجوہات لکھے بغیر تفتیش تبدیل کیسے کی جا سکتی ہے؟
بنک ڈکیتی کیس، تفتیش تبدیلی کرتے وقت قانون کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے: ہائیکورٹ
Oct 06, 2022