آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل رواں یا اگلے ماہ شروع ہو گا ، عمران کو ہول پڑ رہے: خواجہ آصف 

Oct 06, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل رواں ماہ کے آخر یا اگلے ماہ کے آغاز میں شروع ہو جائے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان کو نومبر کے ہول پڑ رہے ہیں لیکن اللہ کے فضل سے نومبر بھی آرام سے گزر جائے گا، آرمی چیف کی تقرری کے لئے 5 نام آتے ہیں ان میں سے کسی کی بھی تقرری ہو سکتی ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان نے ثابت کر دیا کہ وہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے اہل ہی نہیں تھا، جب آر ٹی ایس بیٹھتا ہے تو عمران خان جیسے لوگ آتے ہیں، عمران خان کو جو ہاتھ کھلاتا ہے یہ اسی کو کاٹتا ہے، عمران خان کا اقتدار جتنی دیر بھی رہا کسی کے مرہون منت تھا اور آج کیا زبان استعمال کر رہا ہے، ملاقات میں پاؤں پکڑتا ہے، معافی، ترلے کرتا ہے اور جلسوں میں بڑھکیں مارتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کیسز تو پنجاب حکومت نے معاف کیے ہیں، ہمارا کون سا کیس معاف ہوا ہے؟۔ یہ ہمارا کوئی ایک کیس بتا دیں جو معاف ہوا ہو، پنجاب میں پتا ہے کس کے ذریعے پیغام بھجواتے ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت کے ذریعے پیغام بھجوایا۔ خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کرنے کے لئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہاتھ پیغام بھجوایا ہے۔ نومبر کے خوف نے عمران خان کا دماغی توازن بگاڑ دیا ہے لیکن نومبر آئین و قانون کے مطابق گزر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا عمل ماہ رواں کے آخر یا نومبر کے شروع میں ہوگا، سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اتنا وقت ملنا چاہیے کہ وہ احترام کے ساتھ اپنے جوانوں کے پاس وقت گزار سکے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کیسز معاف کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن کیسز تو اس خاتون کے معاف ہوئے جو عمران خان اور انکی اہلیہ کے ساتھ تیسری ٹرسٹی ہے، عمران خان منافقت سے کام لیتا ہے۔ خواجہ آصف سے قازقستان کے سفیر نے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

مزیدخبریں