سردیوں میں شدید قلت، کوشش ہو گی ناشتے، کھانے کوقت گیس  دے سکیں: مصدق ملک 


اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں میں گیس  کی شدید قلت ہو گی۔  کوشش ہوگی کہ لوگوں کو ناشتے اور کھانے کے وقت گیس فراہم کرسکیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ بولیاں طلب کرنے کے باوجود 40 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں بھی گیس نہیں مل رہی، سوئی ناردرن سسٹم پر گھریلو صارفین کو 95 کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس چاہیے لیکن سوئی ناردرن کے پاس سردیوں میں یومیہ صرف 68 کروڑ مکعب فٹ گیس دستیاب ہو گی، ایسی ہی صورت حال سوئی سدرن پر ہے۔ پچھلے سال کے مقابلے میں ماہانہ 20 ہزار ٹن اضافی ایل پی جی درآمد کریں گے، جتنی گیس پچھلے سال تھی اتنی گیس کا انتظام کر لیا ہے، سردیوں کے حوالے سے مؤثر پلان بنا رہے ہیں اور گیس کے حوالے سے پلان کا اعلان جلد کریں گے۔ چار سال میں توانائی کے شعبے میں خود کفیل ہوجائیں گے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی سے متعلق بھی کام کررہے ہیں۔ مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرکے ملک کو تنہا کرنے کی سازش کی، جو شخص ریاستی راز سائفر کا تحفظ نہیں کر سکتا کیا وہ صادق و امین کہلائے جانے کے قابل ہے، عمران نیازی نے پارٹی ورکرز سے ہٹلر کے انداز میں حلف لیا ہے،  انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی عدالت سے بریت کا فیصلہ اللہ کی بے آواز لاٹھی کے مصداق ہے۔  وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزان کستافین نے یہاں ملاقات کی۔ فریقن نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے تعاون کو بڑھانے  اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا

ای پیپر دی نیشن