انٹربنک  میں   ڈالر1.69روپے سستا سونے کی قیمت میں150روپے تولہ کمی

Oct 06, 2022


 کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی)  پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز بھی کاروباری دورانیے میں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مزید کم ہوگئی۔ انٹربنک مارکیٹ میں بدھ کو  ڈالر کی قدر 1.69روپے کمی سے 223.94روپے کی سطح پر بند ہوا۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 1.50روپے کی کمی سے 227 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5ڈالر کے اضافے سے 1709 ڈالر کی سطح پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 150روپے اور 129روپے کی کمی واقع ہوئی۔ کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر ایک لاکھ 48ہزار 300 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی گھٹ کر ایک لاکھ 27ہزار 143 روپے کی سطح پر آگئی۔ فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1620روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1388.88 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 177 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، کاروبار کے دوران انڈیکس 41 ہزار 527  کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

مزیدخبریں