پولیس اختیارات کو مختلف برانچوں‘ یونٹس کے سربراہان کو تفویض کرنے کا فیصلہ 

Oct 06, 2022


لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ دفتری امور کی تیز رفتار انجام دہی اور بہتر ورک مینجمنٹ کیلئے اختیارات کو مختلف برانچوں و یونٹس کے سربراہان کو تفویض کیا جائیگا۔ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے سے پیشہ وارانہ امور کی بروقت ادائیگی میں مدد ملے گی اور پبلک سروس ڈلیوری کا عمل بھی مزید بہتر ہو جائیگا۔ پنجاب پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیا جائے اور باقی رہ جانے والے تمام امور پر باہمی مشاورت سے جلد از جلد فیصلہ سازی کا عمل مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ پولیس ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں مختلف برانچوں کے اختیارات اور فرائض سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں لیگل، ویلفیئر، آپریشنز، اسٹیبلشمنٹ سمیت دیگر برانچز کی جاب ڈسکرپشن میں ترامیم کی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل امور کو افسران کی تجاویز کے مطابق اپ گریڈ کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ پنجاب پولیس کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں خواتین افسران اور رینکر افسران بھی موجود تھے۔ جنہوں نے زیر بحث امور کے حوالے سے اپنے مشاہدات کی بنیاد پر تجاویز  پیش کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، کمانڈنٹ پی سی، سی سی پی او لاہور نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی، چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی اتھارٹی اور ڈی آئی جیز بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں