اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں زرمبادلہ کے چیلنجز اور کاروباری برادری کے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اے ڈی بی کے وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اور موجودہ حکومت نے اپنے عملی پالیسی فیصلوں کے ذریعہ معیشت کو درست سمت پر گامزن کردیا ہے۔ وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے فروغ میں بینک کے کردار اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے وفد کو ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی اور پاکستان کی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اور موجودہ حکومت نے اپنے عملی پالیسی فیصلوں سے نہ صرف معاشی زوال کو روکا ہے بلکہ معیشت کو بھی درست سمت پر گامزن کیا ہے۔ وزیر خزانہ نے موجودہ حکومت کی ترجیحات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے پر سینیٹر اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں جانی و مالی نقصان پر ہمدردی کا اظہارکیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ بینک پاکستان کو 2.3 سے لیکر 2.5 ارب ڈالر کی فلڈ ریلیف سپورٹ فراہم کرے گا جس میں بریس پروگرام کے لیے 1.5 ارب ڈالر شامل ہیں جو اس ماہ کے دوران منظوری کے لیے بورڈ کے سامنے رکھے جائیں گے۔