لاہور ( لیڈی رپورٹر) اساتذہ کسی بھی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔دنیا کی تمام تر ترقی اور علم کی چمک اساتذہ ہی کی مرہون منت ہے۔ایک بہترین استاد کا یہ نصب العین ہونا چاہیے کہ وہ ہر مقام پر اپنے شاگردوں کی حوصلہ افزائی کرے اور ان کے کردار میں مثبت سوچ پیدا کرے۔ یوم اساتذہ منانے کا اہم اور بنیادی مقصد معاشرے میں اساتذہ کے عظیم الشان کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی ، ڈپٹی سیکرٹریزجنرل ثمینہ سعید ڈاکٹر حمیرا طارق ،ربعیہ طارق صدر وسطی پنجاب ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی امور خارجہ ،صدر لاہورنے یوم اساتذہ کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو نئی نسل کی تعمیر و ترقی، معاشرے کی فلاح و بہبود، انسانیت کی نشونما اور افراد کی تربیت سازی کی وجہ سے معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔نئی نسلوں کو سنوارنے اور انہیں قوم و ملت کی خدمت کے قابل بنانے میں استاد کی بہترین کارکردگی، لگن اور محنت کار فرما ہوتی ہے۔