سرسبز لاہور مہم ،کوآپر سٹور تا داروغہ والا تمام محکموں کے کیمپ لگ گئے


لاہور(خبرنگار)صاف روشن سرسبز لاہور مہم کے چوتھے مرحلے میں کوآپر سٹور تا داروغہ والا تمام محکموں کا کیمپ لگ گیا۔ کمشنر لاہور محمد عامر جان نے کربسٹون کو پینٹ کر کے کیمپ کا علی الصبح شائننگ و گرین لاہور مہم کا افتتاح کر دیا۔ پی ایچ اے، واسا، ایم سی ایل، ایل ڈبلیو ایم سی کے سینکڑوں اہلکاروں نے بیک وقت کام شروع کردیا۔ کمشنر لاہور نے گلابی دروازہ باغ اور مقبرہ دائی انگاہ کا بھی دورہ کیا۔ڈی جی آرکیالوجی کو بریفنگ کیلئے دفتر بلا لیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ اے سی شالیمار فوراً ریونیو نقشے پیش کریں۔ تاریخی مقامات کی بعض جگہوں پر قبضہ ہوسکتا ہے۔ کمشنرلاہور محمد عامر جان کے شہر کی صفائی و خوبصورتی بحالی پروگرام میں ڈی سی لاہور محمد علی ، سی او ایم سی ایل رافعہ حیدر، پی ایچ اے، ایل ڈی اے و دیگر افسران نے شرکت کی۔ کمشنرلاہور نے انجینئرنگ یونیورسٹی کی گرین بیلٹ میں پودا لگایا۔قریبی پارک کی صفائی کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور کے تمام محکمے اس علاقہ کی صفائی کریں یہ عمل تین دن تک جاری رہے گا۔ صاف روشن سرسبزلاہور کا چوتھا مرحلہ شروع ہو گیا ہے جس کے تحت مین روڈ و ذیلی سڑکوں پر بھی کام ہو رہا ہے۔ سرکاری مشینری بیک وقت پورے علاقے کو صاف، روشن اور گرین بنانے میں مصروف ہیں۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ ہر مرحلہ میں نئے علاقے اور سڑکوں کا انتخاب ہوگا۔ شائننگ گرین مہم میں گرین بیلٹس وسٹریٹ لائٹس بحال کی جارہی ہیں اور لٹکتی تاریں ختم کی جارہی ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن