لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت ا سلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ استاد قوم کا معمار اورروحانی والدین کا درجہ رکھتا ہے۔ ان کی عزت و تکریم معاشرے کے ہر فرد پر فرض ہے۔ کسی قوم پر زوال آنے کی سب سے بڑی وجہ بھی اساتذہ کی عزت و تکریم چھوڑ دینا ہے۔ استاد کی وجہ سے ایک باشعور اور تعلیم یافتہ معاشرہ وجود میں آتا ہے۔ کائنات کی ترقی اساتذہ کی مرہون منت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر مختلف سیاسی و سماجی وفو د سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ یکساں نظام تعلیم اور اساتذہ کو بنیادی سہولیات فراہم کیے بغیرترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ پاکستان میں بڑی تعداد میں اساتذہ حکومتی بے حسی اور عدم توجہی کاشکار ہیں۔وسائل کی عدم دستیابی اور معاشی طور پر مضبوط نہ ہونا اساتذہ کے اہم ترین بنیادی مسائل ہیں۔ جس شخص نے نسلِ نو کی تربیت کرنی اور ایک سلجھا ہوا معاشرہ پیدا کرنا ہے وہ حکومت کی طرف سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
استاد قوم کا معمار ،روحانی والدین کا درجہ رکھتا ہے: ذکر اللہ مجاہد
Oct 06, 2022