اساتذہ کیلئے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈجاری کیا جائے‘ طارق شاہ


کراچی (نیوز رپورٹر) استاد کی تکریم کے لئے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا جائے یہ بات آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن سندھ (اپسما)کے مرکزی چیئرمین سید طارق شاہ نے ورلڈ ٹیچرز ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوںنے کہاکہ چونکہ استاد قوم کا معمار ہوتا ہے اور وہ قوم کے نونہالوں کو تعلیم اور تربیت سے آراستہ کرتا ہے اور اس کے ہاتھ میں قوموں کی تقدیر ہوتی ہے سید طارق شاہ نے کہاکہ صرف ایک دن ٹیچر کی عظمت اور تکریم کے لئے نہ منایا جائے بلکہ ہر دن اس کی عظمت اور خدمات کو سہرایا جائے انہوںنے کہاکہ پوری دنیا میں استاد عزت کی جاتی ہے اور اس کو خصوصی درجہ حاصل ہوتا ہے جبکہ افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں استاد کی وہ تکریم نہیں کی جاتی جس کا وہ مستحق ہے جس کے معاشرے میں منفی اثرات نظر آتے ہیں اور اسی لئے کہا گیا ہے کہ با ادب با نصیب بے ادب بے نصیب سید طارق شاہ نے کہاکہ حکومت کی جانب سے ٹیچرز ڈے شایان شان طریقے سے منایا جائے اورعوامی سطح پر بھی اساتذہ کوایوارڈ اور اسناد سے نوازا جائے انہوںنے کہاکہ ٹیچرز کو تنخواہوں میں بھی انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسز سے استثنیٰ دیا جائے کیونکہ مہنگائی کی وجہ سے استاد کا سفید پوشی برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے سید طارق شاہ نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک میں استاد کا اتنا احترام ہے کہ اگر انہیں کسی وجہ سے عدالت میں بھی پیش ہونا پڑے تو انہیں بیٹھنے کیلئے کرسی پیش کی جاتی ہے جبکہ پاکستان میں اساتذہ اپنے جائز مطالبات کے حق میں مظاہرہ کریں تو ان سے مذاکرات کے بجائے انہیں واٹر کینن سے دھویا جاتا ہے ان پر لاٹھی چارج کرنے کے ساتھ آنسو گیس چھوڑی جاتی ہے اور یہی نہیں بلکہ خواتین اساتذہ کا بھی کسی طرح کاکوئی خیال نہیں رکھا جاتاانہیں بھیڑ بکریوں کی طرح تشدد کر کے موبائل وین میں گرفتار کر کے لے جایا جاتا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنی سوچ بدلنی ہوگی تا کہ ہم بھی ترقی یافتہ ممالک کی طرح معاشرے میں استاد کی عزت کر سکیں 

ای پیپر دی نیشن